منگلورو 6 / جولائی (ایس او نیوز) منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ اتھاریٹی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگلورو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے ایک شخص کو سینٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس کے عملہ نے گرفتار کر لیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق 5 جولائی رات میں گرفتار کیے گیے شخص کا نام راکیش ہے اور وہ مغربی بنگال کا رہنے والا ہے۔ یہ شخص لاری کلینر کے طور پر کام کرتا ہے۔ سی آئی ایس ایف عملہ کا کہنا ہے رات کے وقت جب وہ حفاظتی گزشت لگا رہے تھے تو راکیش انہیں پرانے ایئر پورٹ کے احاطے میں گھومتا ہوا نظر آیا جہاں پر رن وے کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے چل رہا ہے ۔ پوچھ تاچھ کرنے پر راکیش نے بتایا کہ وہ جس لاری میں کام کیا کرتا تھا اس کے ڈرائیور نے اُسے تنخواہ دئے بغیر بیچ سڑک پر اتار دیا اور چلتا بنا۔ اس کے بعد وہ گھومتے گھومتے ایئر پورٹ کے احاطے تک پہنچ گیا۔
منگلورو ایئر پورٹ اتھاریٹی کے ترجمان نے بتایا کہ سی آئی ایس ایف والوں نے 5 جولائی کی رات کو 10.40 بجے راکیش کو ایئر پورٹ کی کمپاونڈ وال پر چڑھتے ہوئے دیکھا جس کے بعد اُسے گرفتار کرکے بجپے پولیس کے حوالہ کر دیا گیا ۔ پولیس نے راکیش کے خلاف ایئر پورٹ کے تحفظ سے متعلق ایکٹ 1982 کے تحت کیس درج کردیا ہے ۔